مشتاق احمد ویسٹ انڈیز کے اسسٹنٹ کوچ مقرر
دبئی:پاکستانی سابق لیگ اسپنر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق کوچ مشتاق احمد نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ معاہدہ کر لیا ہے۔ایک عرصہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسپن بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے مشتاق احمد نے غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہنے کے بعد رواں سال اپریل میں اپنے معاہدے کی تجدید کرا لی تھی، اس دوران انھیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے معاہدوں کی پیشکش ہوئی لیکن این سی اے میں ہی کام کرنے کا فیصلہ کیا۔پی سی بی کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے سے قبل مشتاق نے ایک ماہ ویسٹ انڈیز کیلئے بھی فرائض نبھائے۔ انگلش ٹیم کے ساتھ بھی کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے سابق لیگ اسپنر کا اب کیریبیئن بورڈ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، وہ بطور اسسٹنٹ کوچ کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھاریں گے، انھیں سال میں کم ازکم 150دن خدمات فراہم کرنا ہوں گی۔ذرائع کے مطابق مشتاق احمد ویسٹ انڈین ٹیم کے دورئہ ہند میں بھی ذمہ داری نبھانا چاہتے تھے لیکن ویزا مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ ہند نہ جا سکے۔ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ ان کی پہلی مصروفیت دورئہ بنگلہ دیش ہوگی جہاں 2ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کے دوران مشتاق احمد قومی ٹیم کیلئے کوئی ایک نوجوان اسپنر تیار نہیں کر پائے تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں