ریاض۔۔۔سعودی وزیر اسلامی امور دعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے واضح کیا ہے کہ فتنے کے علمبردار مبلغین کو منبر و محراب استعمال کرنے نہیں دیں گے۔ سعودی عرب کے خلاف جنونی پروپیگنڈہ عوام اور قیادت کے درمیان ہمدمی و ہم سازی کی چٹان سے ٹکرا کر پاش پاش ہو گیا۔ اپنے فرض سے منہ پھیرنے والے مبلغین حق کے علمبردار نہیں بلکہ فتنہ اورضلالت کے پرچارک ہیں۔ وزارت اسلامی امور نے خلاف حق باتیں بتا کر عوام الناس کو گمراہ کرنے والے مبلغین برطرف کر دیئے۔ سعودی عرب اپنے دین ، اپنے عقیدے ، اپنی سمجھدار قیادت اور غیور عوام کی بدولت طاقتور ہے ۔ ہمیں اس کے دفاع کیلئے کسی کی ضرورت نہیں ۔ ہمیں اس قسم کے حالات میں وطن عزیز کے حوالے سے منفی اور کاہل مبلغین کی بھی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے المدینہ اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا داخلی محاذ انتہائی مضبوط ہے ۔ سعودی عوام اپنی قیادت سے پیار کرتے ہیں ۔ ہر حال میں قیادت کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مساجد کے خطیب بسا اوقات اپنے دین اور اپنے وطن کے دفاع میں لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔وزیر اسلامی امور نے کہا کہ الاخوان المسلمون نفرت پھیلانے والی جماعت ہے ۔ اس نے اپنا مکروہ حقیقی چہرہ دکھا دیا ہے۔ آل الشیخ نے یہ بھی کہا کہ عظیم الشان اصلاحات اور نشاۃ نو کے زبردست پروگرام سے گھات میں بیٹھے ہوئے فریق تڑپ گئے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ یکم ربیع الثانی سے مسجد قبا 24گھنٹے کھلی رہے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ وزارت کے ماتحت مساجد اور دعوت و رہنمائی کے 65دفاتر ہیں۔ مملکت بھر میں غیر ملکیوں میں دینی شعور و آگہی کیلئے 410دعوتی مراکز کام کر رہے ہیں۔ تحفیظ قرآن کی 180انجمنیں اور تحفیظ قرآن کی مجالس کی تعداد 9626ہے۔ ان سے منسلک افراد کی تعداد1027547ہے۔ مساجد کی تعداد 33620ہے۔ مساجد کو 687924قرآن پاک کے نسخے فراہم کئے گئے ہیں۔ ائمہ کی تعلیم و تربیت کے کورس کرانے والے مرکزسے 869 افراد فیضیاب ہوئے۔