روس افغان امن مذاکرات کی میزبانی کرے گا
ماسکو...روس نے افغانستان کے سینئر سیاست دانوں کو طالبان سے امن مذاکرات کے لئے ماسکو بلا لیا ۔روسی حکام نے بتایا صدر اشرف غنی افغان ر ہنماوں کا وفد ماسکو بھیجنے پر رضا مند ہوگئے۔مذاکرات میں طالبان کے نمائندے بھی شریک ہونگے۔ اس سے قبل افغان حکومت نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس سے امریکی سربراہی میں جاری امن عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔روس کی جانب سے سابق صدر حامد کرزئی سمیت افغان حکومت سے قریبی تعلقات رکھنے والے 8 میں سے 6 رہنماوں کو دعوت دینے کی تصدیق ہوگئی ۔ روس نے رواں سال اگست میں بھی ماسکو میں امن مذاکرات کی تجویز دیتے ہوئے ایک سربراہی اجلاس میں طالبان سمیت 12 ممالک کو شرکت کی دعوت دی تھی ۔ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے دعوت مسترد کئے جانے پر اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔اشرف غنی کا موقف تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کابل حکومت کی سربراہی میں ہونے چاہئیں۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زیخاروا نے بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس کے شرکا کے ناموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ روس باقاعدہ اعلان سے قبل تمام چیزوں کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔