واشنگٹن۔۔۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات کے دوران ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے چند گھنٹوں بعد ہی اٹارنی جنرل جیف سیشن کو عہدے سے ہٹا دیا۔ جیف سیشنز گزشتہ ایک سال سے امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات سے علیحدگی اختیار کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کا نشانے پر تھے۔ انہوں نے خصوصی عہدیدار رابرٹ ملر کا تقرر کیا تھا۔رابرٹ ملر کی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم اور روسی مداخلت کے باہمی تعلق کی تحقیقات کے نتیجے میں ٹرمپ کے متعدد اتحادیوں کے خلاف سنگین جرائم کے الزامات سامنے آئے تھے۔جیف سیشنز کی جانب سے امریکی صدر ٹرمپ کو ارسال کیے گئے استعفیٰ میں انہوں نے واضح طور پر لکھا کہ وہ صدر کی درخواست پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔