آنکھوں کے زخم بھرنے کیلئے زندہ خلیات پر مشتمل لینس تیار
کوئنز لینڈ -- - -عام سادے لینس میں زندہ خلیات (لِونگ سیلز) شامل کرکے آنکھوں کے حساس زخم اور امراض کا علاج کیا جاسکتا ہے اور اس کا عملی مظاہرہ کوئنزلینڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے کیا ہے۔اگرچہ ماہرین انسانی آنول نال کے بعض خلیات کو لے کرآنکھوں کے قرنیے کے زخم کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اب سائنس دانوں نے زخم بھرنے والا کانٹیکٹ لینس تیار کرلیا ہے۔ اس لینس کو کوئنزلینڈ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈیمین ہارکن اور ان کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے۔اسے آنکھوں کی سفیدی والے حصے کا لینس کہنا زیادہ مناسب ہوگا کیوں کہ آنکھوں پر سفید باریک جھلی قرنیہ کے اوپر باریک پردے کی صورت میں موجود ہوتی ہے۔ اس کے نیچے خاص قسم کے خلیات ہوتے ہیں جنہیں ’لمبل مسنکیمل اسٹرومل سیلز‘ کہا جاتا ہے۔ یہ خلیات زخم بھرنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتے ہیں۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انسانی آنکھ کی باریک جھلی کے نیچے موجود خلیات کہاں سے حاصل کیے جائیں؟ اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ امریکا اور یورپ وغیرہ میںآنکھوں کے قرنیے عطیہ کرنے کا رجحان عام ہے اور جب متاثرہ قرنیہ نکالا جاتا ہے تو اس کے اندر موجود ٹشوز سے یہ خلیات حاصل ہوسکتے ہیں جو عموماً تلف کردیے جاتے ہیں۔