Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ :سری لنکا کو فتح کیلئے462رنز کا ہدف

گال : انگلینڈ نے گال ٹیسٹ میں فتح کیلئے میزبان سری لنکا کو 462رنز کا ہدف دیا ہے اور سری لنکا نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے بغیر کسی نقصان کے15رنز بنا لئے ہیں اور میچ کے بقیہ2دنوں میں اسے مزید447رنز کی ضرورت ہے جبکہ انگلش ٹیم 10وکٹیں حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کر سکتی ہے ۔قبل ازیں انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 322رنز 6کھلاڑی آوٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی اور یوں اسے میزبان ٹیم پر پہلی اننگز کے 139رنز کی بدولت 461کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔ تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات اوپنر کیٹن جیننگز کی سنچری تھی جنہوں نے ناقابل 146رنز بنائے ۔ کھیل کے تیسرے دن انگلینڈ نے 38رنز کے ساتھ دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا ا ور60 کے مجموعی اسکور پر اسے پہلے نقصان سے دوچار ہونا پڑا جب روری برنز 23رنز بنا کر آوٹ ہوئے اس کے بعد مہمان ٹیم کو یکے بعد دیگرے 2وکٹوں سے محروم ہونا پڑا جب معین علی اور کپتان جوئے روٹ 3-3رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ۔ اس مرحلے پر بین اسٹوکس نے اوپنر کیٹن جیننگز کے ساتھ 107رنز کی شراکت کے ذریعے صورتحال کو سنبھالا۔ اسٹوکس نے 62رنز بنائے ۔ ان کے بعد جوز بٹلر اور بین فوکس نے بالترتیب 35اور37رنز اسکور کرکے کیٹن جیننگز کا عمدگی سے ساتھ نبھایا جو اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے ۔ پہلی اننگز سنچری بنانے والے وکٹ کیپر بین فوکس کے آﺅٹ ہوتے ہی انگلش کپتان نے322رنز 6کھلاڑی آوٹ پر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی۔سیم کرن کسی گیند کا سامنا کئے بغیر صفر پر ناٹ آﺅٹ رہے ۔آخری ٹیسٹ میں آخری مرتبہ بولنگ کرنے والے رنگانا ہیرتھ اور دلرووان پریرا نے2-2وکٹیں لیں ، ایک وکٹ اکیلا دھننجایا کو ملی جبکہ روری برنز رن آوٹ ہوئے تھے۔462رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب سری لنکن اوپنرز نے اعتماد سے شروع کیا اور کھیل کے آخری مراحل میں 7اوورز کا سامنا کرتے ہوئے15رنز اسکور کئے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو دیموتھ کرنا رتنے اور کوشل سلوا با لترتیب 7اور8رنز پر کھیل رہے تھے۔میزبان ٹیم آج ایک مرتبہ پھر ہدف کا تعاقب شروع کرے گی اور اسے انگلش اسپنرز کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے جنہوں نے پہلی اننگز میں اسے صرف203رنز ہی بنانے کا موقع دیا تھا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے اردونیوز"واٹس ایپ اسپورٹس"جوائن کریں
 

شیئر: