دوسرا ون ڈے:آسٹریلیا نے7رنز سے جیت لیا
ایڈیلیڈ: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے اپنے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو7رنز سے شکست دے کر دوسرا ون ڈے جیتتے ہوئے سیریز بھی1-1 سے برابر کردی ۔3 ون ڈے کی سیریز کا پہلا میچ مہمان ٹیم نے 6وکٹوں سے جیتا تھا۔ ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم 231رنز پر آوٹ ہو گئی تھی اور اسے پورے اوورز کھیلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا تھا ۔ کاگیسو ربادا نے4اور ڈوائن پریٹوریئس نے3وکٹیں لیں جبکہ2کھلاڑیوں کو ڈیل اسٹین نے آوٹ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر اور کپتان ایرون فنچ نے41، کرس لین نے44اور ایلکس کیری نے47رنز بنائے۔ آسٹریلوی بولر زنے ٹیم کی خراب بیٹنگ کا ازالہ کردیا اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے جنوبی افریقہ کو ہدف تک نہیں پہنچنے دیا ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ50اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر224رنز ہی بنا پائی۔ڈیوڈ ملر نے 51اورکپتان فاف ڈو پلیسس نے47رنز اسکور کئے۔مارکوس اسٹوئنز نے3،مچل اسٹارک اورجوش ہیزل ووڈ نے2،2وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا ۔سیریز کا فیصلہ کن میچ 11نومبر کو کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں