’’ چلے ہیں سنگ سنگ‘‘عمران کیلئے ریلیز کیا، فرزانہ مرزا
ممتاز گلوکارہ فرزانہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسیقی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔نئے گلوکاروں میں آگے بڑھنے کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی میوزک کو بے حد پسند کیا جاتا ہے خاص طور پر پڑوسی ملک کی فلموں میں پاکستانی میوزک کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اپنے دفتر میں ناآموز گلوکاروں کو تربیت کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے گلوکاروں کیلئے جلد ہی میوزک اکیڈمی بنائی جائے گی جس میں نامور گلوکار، نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو میوزک کے رموز سے آگاہی فراہم کریں گے۔فرزانہ مرزا نے کہا کہ نصرت فتح علی خان، میڈم نور جہاں، مہدی حسن نے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سجاد علی، راحت فتح علی خان، علی ظفر، عاطف اسلم کی میوزک کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔ فرزانہ مرزا نے کہا کہ میں نے عمران خان کیلئے ایک گانا’’ چلے ہیں سنگ سنگ، چلیں گے سنگ سنگ ‘‘بھی سوشل میڈیا پر ریلیز کیا ہے۔ اس کے علاوہ 50 سے زائد گانے یوٹیوب پر موجود ہیں۔ نازیہ حسن کو ٹربیوٹ پیش کرنے کیلئے بوم بوم بھی گایا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ گانے کی شاعری اچھی ہو اور گانوں کی موسیقی بھی میں خودہی ترتیب دوں۔