ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزادکا آج یوم پیدائش
نئی دہلی۔۔۔۔مولانا ابو الکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع 11 نومبر کو’’ قومی یوم تعلیم‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔وہ ملک کے پہلے وزیر تعلیم تھے۔ مولانا آزاد کے یوم پیدائش پر 2008 سے قومی یوم تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مولانا آزاد کی پیدائش 11 نومبر 1888 میں ہوئی تھی۔ وہ 15 اگست 1947 کے بعد سے یکم فروری 1958 تک پہلے وزیر تعلیم تھے۔ماہر تعلیم اور مجاہد آزادی مولانا آزاد نے تعلیم یافتہ ہندوستان کی بنیاد رکھی ۔ انتقال کے بعد انہیں ملک کے سب سے بڑے اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے مسلمانوں میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔مولانا آزادنے جنگ آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا اور تقسیم ہند کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی پر قابو پانے میں بیش بہاخدمات انجام دیں۔وہ اقلیتوں کو یہ یقین دلانے میں کامیاب رہے کہ "یہ تمہارا ملک ہے اور اسی ملک میں تم رہو "۔ انہوں نے انجم اسلامیہ سمیت متعدد مدار س کی بنیاد بھی رکھی۔انگریزوں کی حکومت کے دوران مولانا ابو الکلام آزاد رانچی میں نظر بند رہے۔