مالی مسائل کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اسپانسر مل گیا
لاہور:مالی مسائل کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کو آخرکار اسپانسر مل گیا اور پاکستان سپر لیگ کی سابق چیمپیئن پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان 3 سال کا معاہدہ طے پا گیا۔ ہاکی فیڈریشن کے صدربریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر اور جاوید آفریدی نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔معاہدے کی رو سے جاوید آفریدی کی کمپنی پاکستان کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کے انٹرنیشنل ایونٹس کے ساتھ ڈومیسٹک سطح پر ہونے والے ٹورنامنٹس کوبھی اسپانسر کرے گی۔معاہدے کے موقع پر صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ہماری قومی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے ہند جارہی ہے۔ٹائٹل اسپانسر ملنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی بڑی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ میگا ایونٹ کے دوران زیادہ بہتر انداز میں کھیل پیش کر سکیں گے۔پی ایس ایل فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہم نے 2012 میں کرکٹ کو اسپانسر کیا اوراب پاکستان ہاکی کو بھی قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فنڈزکیلئے حکومت کو خط لکھے تھے لیکن بھرپورکوششوں کے باوجود گرانٹ نہ مل سکی جس کی وجہ سے فیڈریشن مالی مسائل کا شکار تھی۔ اسپانسر ملنے کے بعد پی ایچ ایف کے مالی مسائل حل ہوجائیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں