بی جے پی کے سینیئر رہنما اننت کمار چل بسے
نئی دہلی۔۔۔۔مرکزی حکومت کے وزیر پارلیمانی امور اور بی جے پی رہنما اننت کمار 59سال کی عمر میں چل بسے۔وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ۔ان کی موت پر ملک و بیرون ملک کی ممتاز سیاسی اور سماجی شخصیات نے اظہار افسوس کیا۔مرکزی وزارت داخلہ نےسرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کرنے کی ہدایت جاری کی۔کمار کی موت پر ریاست کرناٹک میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیاہے۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اننت کمار کی موت سے ملک کی عوامی زندگی میں خلاء پیدا ہوگیا ہے جو بہت بڑا نقصان ہے۔ خصوصاً کرناٹک کے عوام کیلئے۔ انہوں نے کمار کے اہل خانہ سے غم اور افسوس کا اظہار کیا۔راہول گاندھی نے اننت کمار کی موت پر گہرے دکھ کا اظہارکیا۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اننت کمار کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت سے بی جے پی کو بڑا نقصان پہنچا ،انکی یادیں میرے ساتھ ہمیشہ رہیں گی۔انہوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق بنگلورومیں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔