Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی ترقی

دبئی:پاکستانی اوپنر فخر زمان6درجے ترقی کرتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ11ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے نئی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کے ساتھ پانچویں پوزیشن سنبھال لی ہے ۔ نیوزی لینڈ سے سیریز برابر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو ایک ریٹنگ پوائنٹ ملا ہے اور عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر برقرار ہے۔ پاک ،نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ،جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز ختم ہونے کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ کا اجرا کر دیا۔ نئی عالمی رینکنگ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ہند ٹیم رینکنگ میں دوسرے ، نیوزی لینڈ تیسرے اور جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر ہے۔ بیٹنگ کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نمبر ون پوزیشن پر برقرار ہیں، ان کے ہموطن روہت شرما بھی بدستور دوسرے نمبر پر ہیں تاہم نیوزی لینڈ کے سابق کپتان روس ٹیلر پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی کے بعد کیریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے جوئے روٹ چوتھے اور پاکستان کے بابر اعظم پانچویں نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں کوئی اور پاکستانی کرکٹر شامل نہیں تاہم اوپنر فخر زمان سیریز میں اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت6درجے ترقی کرنے کے بعد11 ویں نمبر پر آچکے ہیں۔یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے ۔ بولنگ میں ہندکے جسپریت بمرا پہلی ، افغانستان کے راشد خان دوسری اور ہند کے کلدیپ یادو کی تیسری پوزیشن ہے ۔ ابتدائی10بولرز میں کوئی پاکستانی موجود نہیں تاہم حسن علی 13 ویں نمبر پر ہیں۔ آل راونڈرز میں افغانستان کے راشد خان نمبر ون پوزیشن پر ہیں، دوسرا اور تیسرا نمبر با لترتیب افغانستان کے محمد نبی اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا ہے۔ پاکستان کے محمد حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ عماد وسیم 22 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: