وزیرا عظم کی نااہلی کے لیے ایک اور درخواست دائر
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
لاہور: وزیرا عظم کی نااہلی کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی جانب سے دی گئی درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیرا عظم عمران خان نیازی کو فریق بنایا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت میں دی گئی درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کیے ہیں جبکہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کے دور میں عمران خان نے سول نا فرمانی کے لیے عوام کواکسایا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے لوگوں کو اکسایا کہ وہ ٹیکس نہ دیں اوربیرون ممالک سے رقوم بھی نہ بھیجیں جب کہ عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی عمارت پردھاوا بولا اورگیٹ توڑے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت وزیر اعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نا اہل اور 124 اے کے تحت ان کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ نے خارج کردی تھی جس میں وکیل اکرم شیخ کے توسط سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ٹکڑوں میں دستاویزات فراہم کیں اور کاغذات نامزدگی میں اہلیہ کے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔ جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد قرار دیا تھا کہ درخواست میں ایسے قانونی نکات نہیں اٹھائے گئے تھے جن کی بنیاد پر نظر ثانی قرار دے۔ عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے عمران خان کو صادق اور امین ہونے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔