حکومت100 د ن سے پہلے ناکام ہوگئی،نثار کھوڑو
حیدرآباد..پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ100دن سے پہلے ہی عمران خان کی حکومت ناکام ہو گئی۔ عوام مایوسی سے دوچار ہیں۔عمران خان خود اپنی رسوائی کے اقدامات کرا رہے ہیں۔ عوام کو وفاقی حکومت کوئی ریلیف فراہم نہیں کر سکی۔ حکومت نے پٹرول اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ دنیا میں تیل اور ڈالر سستے ہوئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام وفاقی حکومت کی نااہلی سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ وفاقی حکومت ہر چیز پر سبسڈی ختم کر رہی ہے۔ شہریوں پر مہنگائی کا بوجھ بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ وفاقی حکومت نے بھی قرض لینے کے لئے آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہی یہ ہوتا ہے کہ پہلے سبسڈی ختم کرو۔ ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی سے قرض نہیں لوں گا اگر قرض لینے کی نوبت آئی تو خودکشی کو ترجیح دوں گا، اب ہم انتظار کر رہے ہیں کہ عمران خان کب خودکشی کرکے اپنا وعدہ پورا کریں گے، انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے میں بجلی کے بل جلاتے تھے اور عوام کو بھی بلوں کو آگ لگانے کا کہتے تھے آج حکومت میں آنے کے بعد عمران خان فرما رہے ہیں کہ بجلی کا بل ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔