سعودی اسٹاک مارکیٹ بھی گر گئی، تداول آل شیئر انڈیکس میں 1.05فیصد کی کمی
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 8.7فیصد کی زبردست کمی دیکھی گئی۔ اس کے ساتھ ہی سعودی اسٹاک مارکیٹ بھی گرگئی۔ گزشتہ ہفتے تداول آل شیئر انڈیکس نے 158پوائنٹس کا مدوجزر دیکھا اور آخر میں 81.22پوائنٹس کمی کے بعد 7662.17پوائنٹس پر بند ہوا۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 9.8فیصد اور 5.1فیصد اضافہ ہوا۔ کاروباری مالیت 13فیصد کے فروغ کے بعد 15.6ارب ریال تک پہنچ گئی۔ قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 18.4ارب ریال کا نقصان ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں السریع گروپ کو فوقیت حاصل رہی۔ نقصان میں جانے والی کمپنیوں میں میفک رائٹ فنڈ سرفہرست رہی جس نے تداول میں 13نومبر کو شمولیت اختیار کی اور اسی دن اس کی قیمت 10فیصد گر گئی اورباقی 2 دنوں میں 5فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ اس طرح 3دنوں میں میفک کی قیمت 15 فیصد گرنے کے بعد 8.5ریال پر بند ہوئی۔ میفک رائٹ فنڈ کا ادا شدہ سرمایہ 732.768 ملین ریال ہے جو 10ریال کے 73.2768ملین حصص پر مشتمل ہے۔ میفک رائٹ کا مقصد پراپرٹی مینجمنٹ سے سرمایہ کاروں کو سود سے پاک منافع فراہم کرنا ہے۔ نقصان کے لحاظ سے دوسرا نمبر سعودی پیپر کمپنی کا ہے جس کی قیمت 13.68 فیصد کمی کے بعد 12.24ریال تک گر گئی جبکہ سعودی انڈسٹریل ایکسپورٹ کمپنی کی قیمت 9.34فیصد انحطاط کے بعد 134ریال تک گر گئی۔ سب سے زیادہ سرمایہ کاری سابک میں کی گئی جس میں 2ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی او راسکی قیمت 2.69 فیصد کمی کے بعد119.80ریال پر بند ہوئی۔ تداول نے 3کواٹرلی کے مالیاتی نتائج وقت پر فراہم نہ کرنے پر سعودی انڈین کمپنی فارکو آپریٹو انشورنس کی ٹریڈنگ پر پابندی لگادی ہے۔