کینیڈی ایئرپورٹ کا انتہائی خوبصورت ہوٹل خلائی عہد کا معلوم ہوتا ہے
نیویارک- - - - دنیا کے بڑے ایئرپورٹس انتظامیہ مسافروں کی سہولت کیلئے ایئرپورٹ کی عمارتو ں کے اندر یا ان عمارتوں سے متصل جگہوں پر بڑے بڑے ہوٹل بھی تعمیر کرتے ہیں جسکی وجہ سے آنے جانے والے مسافروں کو شہر کے چکر لگانا نہیں پڑتے اور وہ انہی ہوٹلوں میں قیام کرکے واپس چلے جاتے ہیں۔ ایسے ہوٹلوں کی تعمیر نت نئے طریقوں سے ہورہی ہے اور ہر ایئرپورٹ انتظامیہ کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ انکے یہاں بنا ہوا ہوٹل اپنے یہاں ٹھہرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے اور اپنی جانب راغب کرے۔ ایسا ہی کچھ جے ایف کینیڈی کے ایئرپورٹ ہوٹل پر نظر آتا ہے جسکی تعمیر پر 26کروڑ 50لاکھ ڈالر خرچ ہوئے ہیں اور اسے دیکھ کر یہی گمان گزرتا ہے کہ شاید یہ اس دنیا کا کوئی ہوٹل نہیں بلکہ خلا میں بنی ہوئی کوئی عالیشان قیام گاہ ہے۔ ٹرانس ورلڈ ایئرلائنز والو ںکا کہناہے کہ اسکی تعمیر و منصوبہ بندی میں کئی برس صرف ہوئے اور اب یہ افتتاح کیلئے بالکل تیار ہے۔ جہاں تک اسکی گنجائش کی بات ہے تو اس میں موجود کمروں کی تعداد 512ہے۔ اسکی تعمیر 1962ء میں شروع ہوئی اور وقت کے ساتھ اس میں تھوڑی بہت ترمیم اور اضافہ بھی ہوا۔ 2001ء کے بعد سے اس کو زیادہ پرکشش بنانے کیلئے کوششیں شروع کردی گئیں۔ ہوٹل کی آرائش و زیبائش کے طورپر گزشتہ ماہ 1950ء کا بنا ہوا ایک طیارہ بھی قریب لاکر کھڑا کردیا گیا ہے جس کے اندر کسی اچھے ریستوران کی ساری سہولیات موجود ہیں۔اب اس ہوٹل کے حوالے سے جو تصاویر جاری ہوئی ہیں انکی کومبو دیکھنے سے اسکی اندرونی آرائش و زیبائش کا بھی پتہ چلتا ہے جو یقینا قابل دید اور انتہائی حیرت انگیز ہے۔