آزاد کشمیر میں جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں،سیاست کسی مرتبے کا نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کا نام ہے ، سابق صدر آزاد کشمیر کا سردار شعیب کیجانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
آزاد کشمیر کے سابق صدر یعقوب احمد خان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر امن اور سلامتی کی عمدہ مثال ہے جس میں لاء اینڈ آرڈر کا نہ تو کوئی مسئلہ ہے اور نہ ہی اس میں فرقہ وارانہ کارروائیاں ہوتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے سرگرم رکن سردار شعیب احمد صدیقی کی جانب سے دئیے گئے عشائیے کے دوران کیا۔ سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے آزاد کشمیر کو بہتر بنانے اور سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور تعاون کیا ہے۔ آج کشمیر میں جہاں ہندوستانی فوج دہشت گردی کر رہی ہے اور بے گناہ ونہتے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے ،وہیں پر آزاد کشمیر دنیا کا پرامن خطہ بن کر دنیا کے سامنے کھڑا ہے ۔آزاد کشمیر میں جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں ۔تعلیم کی شرح 80 فیصد ہے۔ لاء اینڈ آرڈر زیرو فیصد ہے جبکہ ہندوستانی کشمیر کے سیکڑوں طلباء آزاد کشمیر کے کالجوں میں زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سے ہمارا رشتہ فطری ہے ،مضبوط پاکستان ہماری بقا کا ضامن ہے۔ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔ہند حریت رہنمائوں کو جس طرح پابند سلاسل کر رہا ہے اُس سے کشمیری نوجوانوں کے اندر آزادی کا جذبہ مزید بیدار ہوتا ہے۔ اپنے دور اقتدار کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ انکی سیاست عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے نچلی سطح سے سیاست کی اور بڑے سیاسی حریفوں کو شکست محض اس وجہ سے دے پائے کہ انہوں نے لوگوں کی بھرپور خدمت کو اپنا شعار بنا رکھا تھا ۔سیاست کسی مرتبے کا نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کا نام ہے۔ عشائیے کے میزبان سردار شعیب احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ بڑے فخر کی ہے کہ انہیں یعقوب احمد خان جیسے زیرک سیاست دان میسر ہیں جو جذبہ ایمانی اور قوم کی خدمت کرنے کیلئے ہمہ وقت لوگوں کے درمیان رہتے ہیں۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں سیاست کے میدان میں ان جیسے سیاست دانو ں کی وجہ سے بہتری موجود ہے۔ ہم ان کیلئے آئندہ بھی نیک خواہشات اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ ہمیشہ عوامی خدمت اورسیاست کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں ۔عشائیے کہ تقریب میں خالد اکرم رانا، چوہدری خادم بجاڑ، اقبال ودود، ظہور علی خان، بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن، احسان دانش ،حافظ عبدالوحید، رانا رئوف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔