قبائلی علاقوں کیلئے عمران خان کے اہم اعلانات
میرانشاہ...وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے قبائلی علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کے لئے این ایف سی ایوارڈ میں 3 فیصد حصہ دیا جائے گا ۔میران شاہ کے یونس خان اسٹیڈیم میں شمالی و جنوبی وزیرستان کے مشترکہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے نقش قدم پر چل کر پسماندہ علاقوں کے عوام کو ترقی دیکر ان کو اپنے پاوں پر کھڑا کریں۔ فاٹا کے قبائلی علاقے پہلے سے بہت پسماندہ تھے مگر دہشت گردی کے خلاف جنگ سے مزید پسماندہ ہوگئے ۔ وزیرستان کے دورے کا مقصدا یہ ہے کہ قبائلی عوام کو باور کرا دوں کہ ان کا مستقبل روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ فاٹا کا انضمام جلد ہو تاکہ فاٹا کے قبائلی علاقوںمیں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات بھی جلد ہو سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ فاٹا کے قبائلی عوام کے لئے صحت کارڈ بھی جاری کریں گے۔ یونیورسٹی کے قیام پر بھی غور ہورہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج اور قبائلی عوام نے بے دریغ قربانیاں دیکر امن حاصل کیا ہے ۔ قبائلی عمائدین اور عوام کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ امن برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج اور انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیں ۔ا نہوںنے کہا کہ پولیس نظام بھی جلد لایا جائے گا ۔قبائلی عمائدین نے عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور حکومت کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ۔