چینی قونصل جنرل کی آئی جی سندھ سے ملاقات‘ اظہار تشکر
کراچی: چینی قونصلیٹ پر دہشت گردانہ کارروائی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار یکجہتی کے لئے چینی قونصل جنرل کی جانب سے سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس حوالے سے چینی قونصل جنرل وانگ یو نے آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام سے سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کراچی میں ملاقات کیا ور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ چینی شہریوں، ماہرین اور اسٹاف کی سیکورٹی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چینی قونصل جنرل نے دہشت گردی کے واقعہ میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر یکجہتی کا اظہارکیا اور بہترین سیکیورٹی اقدامات پر اپنی حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کا سندھ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ آئی جی سندھ نے چینی قونصل جنرل کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ضمن میں انتہائی پرعزم اور باحوصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ جانا سندھ پولیس کا طرہ امتیاز ہے ۔