ریاض۔۔۔ سعودی محکمہ ٹریفک نے ایک ہزار ریال سے لے کر 2 ہزار ریال تک کے جرمانوں والی 25 خلاف ورزیوں کی فہرست جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق ممنوعہ اوقات میں ٹرکوں، ہیوی گاڑیوں اور ان کے تحت آنے والے ٹرانسپورٹ کا شہروں میں داخلہ یا شہروں سے نکلنا، غیر موزوں ڈرائیونگ لائسنس پر گاڑی چلانا، ریلوے لائن پر گاڑی کھڑی کرنا، مقررہ تعداد سے زیادہ سواریاں گاڑی میں بٹھانا، ڈرائیور یا گاڑی سے متعلق دستاویزات طلب کرنے پر پیش کرنے سے انکار کرنا، کٹی پھٹی یا غیر واضح نمبر پلیٹ والی گاڑی چلانا، اگلی نمبر پلیٹ کے بغیر گاڑی چلانا، گاڑی کے استعما ل میں ترمیم کی کارروائی مکمل نہ کرانا، مقررہ مدت کے اندر ایکسپورٹ کی جانے والی گاڑی کو مملکت سے باہر نہ لے جانا، موٹر سائیکل بغیر ہیلمٹ کے چلانا، ڈرائیونگ لائسنس حاصل کئے بغیر یا لائسنس ضبط ہونے کی صورت میں گاڑی چلانا، سڑکوں پر سلامتی کو خطرات پیدا کرنے والا سامان پھینکنا ، سرکاری یا ایمرجنسی قافلوں والی گاڑیوں کو ترجیحی بنیاد پر گزرنے کا موقع نہ دینا، راستے کے کناروں یا فٹ پاتھوں یا ممنوعہ لائنز میں گاڑی چلانا، چلتی گاڑی سے سواریاں اتارنا یا بٹھانا، پیدل چلنے والوں کا شاہراہوں کو عبور کرنا، ڈھلوان یا چڑھائی والی جگہوں پر اوور ٹیک کرنا، ٹرکوں اور ٹریلروں کے عقب میں ریفلیکٹر نہ لگانا یا دائیں بائیں کی لائٹوں کے بغیر چلانا، رات کے وقت یا خراب موسمی حالات کے دوران لائٹس استعمال نہ کرنا، نمبر پلیٹ مقررہ جگہ پر نصب نہ کرنا، ٹائر اسکریچنگ کی جگہ پر بھیڑ بھاڑ کرنا، ہیوی گاڑیوں پر مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنا اور گاڑی سے باہر سامان نکال کر چلنا، متعلقہ ادارے سے اجازت لئے بغیر گاڑی کی باڈی یا اس کے ڈھانچے میں کوئی ترمیم یا اضافہ کرنا یا اس کی شکل و صورت تبدیل کرنا، بریک لائٹس اور ان جیسے بنیادی لوازمات کے بغیر گاڑی چلانا، محکمہ ٹریفک کے سوا کسی اور ادارے کی تیار کردہ نمبر پلیٹ استعمال کرنا۔ ٹریفک خلاف ورزیاں ہیں ان پر ایک ہزار سے 2 ہزار ریال تک جرمانہ ہے۔ علاوہ ازیں آخری 3 خلاف ورزیوں کی صورت میں گاڑی اصلاح حال تک ٹریفک پولیس کی تحویل میں رہے گی۔