لیور پول کیلئے ناک آوٹ راونڈ تک رسائی مسئلہ بن گئی
پیرس : چیمپیئنز لیگ کے اہم میچ میں شکست سے انگلش کلب لیور پول کیلئے ناک آوٹ راونڈ تک رسائی مسئلہ بن گئی۔ دوسری جانب ہسپانوی کلب بارسلونا نے ڈچ کلب کے خلاف کامیابی سے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے ۔ پیرس میں ہونے والے میچ میں میزبان کلب پیرس سینٹ جرمین نے لیور پول کو ایک کے مقابلے میں2گول سے شکست دیدی ۔ لیور پول کے مصری اسٹار محمد صلاح اس میچ میں نمایاں نہ ہو سکے جبکہ نیمار جونیئر نے پی ایس جی کی فتح میں اپنا کردار ادا کیا۔ میچ کا پہلا ہاف میزبان کلب کے نام رہا ۔ اس کے کھلاڑی جوآن برناٹ نے میچ کے 13منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جسے 37ویں منٹ میں نیمار جونیئر نے دگنا کردیا۔اس ہا ف کے آخری منٹ میں لیور پول کو ایک پنالٹی کک ملی جس پر جیمز ملنر نے گول کرکے خسارہ کم کیا لیکن اس کے بعد کوئی ٹیم مزید گول نہیں کرسکی اور پی ایس جی نے میچ جیت کر گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ تیسرے نمبر پر موجود لیور پول کو اب اطالوی کلب نپولی کے خلاف آخری میچ بہرصورت جیتنا ہوگا تاکہ وہ اگلے راﺅنڈ میں پہنچ سکے۔ لیور پول کے کوچ جرگن کلوپ نے پیرس سینٹ جرمین کے کھلاڑیوں پر منفی ہتھکنڈوں کا الزام لگایا ہے جبکہ فٹبال ماہرین نے بھی نیمار اور ان کے ساتھیوں کے کھیل کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا۔ ادھر ارجنٹائنی سپر اسٹار لیونل میسی نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا اور بارسلونا گروپ بی کی ٹاپ ٹیم بھی بن گئی ۔ہالینڈ کے کلب پی ایس وی کے خلاف میچ میں میسی ہی بنیادی فرق ثابت ہوئے اور ایک گول خود کرنے کے بعد دوسرے میں جیراڈ پیکے کی مدد کرکے فتح یقینی بنادی ۔ میسی لیگ کے2میچوں میں 4گول کرچکے ہیں اور ان کی ٹیم بھی لیگ میں تیزی سے ابھر رہی ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبرے اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں