موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف برسلز میں مظاہرہ
برسلز...موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف ہزاروں افراد نے برسلز کی سڑکوں پر مظاہرہ کیا۔ بیلجیئم کی تاریخ میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے یہ سب سے بڑا مظاہرہ ہے۔ مظاہرے میں ملک بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔یہ مظاہرہ پولینڈ میں کلائمیٹ چینج کیلئے اقوام متحدہ کے زیراہتمام کانفرنس کے آغازپر کیا گیا ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یورپ پیرس ایگریمنٹ کے تحت دنیا کے درجہ حرارت میں ڈیڑھ فیصد کمی کیلئے اقدامات کرے۔اس مظاہرے کا اہتمام نوجوانوں کی تنظیم کلائمیٹ ایکسپریس نے کولیشن برائے موسمیاتی تبدیلی اور بوس کے تعاون سے کیا تھا۔ مظاہرے میں اسٹیل انڈسٹری کے 34 ہزار ملازمین سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت بڑی تعداد سائیکلوں پر بھی آئی تھی۔ برسلز میں پبلک ٹرانسپورٹ میں سے بسیں مفت اور میٹرو کا کرایہ انتہائی کم وصول کیا گیا۔ مظاہرے میں شرکت کیلئے 30 ہزار سے زائد افراد ٹرین سے آئے تھے۔