محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
ابوظبی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار آل راونڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا اور ابوظبی میں جاری ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا ۔نیوزی لینڈ کے خلاف اس سیریز میں محمد حفیظ بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ناکام رہے ، 5اننگز میں وہ صرف39رنز بنا سکے جبکہ بولنگ کے دوران ایک وکٹ بھی نہیں لے سکے ۔ گزشتہ روز وہ بغیر کوئی رن بنائے غلط شاٹ کھیلتے ہوئے آوٹ ہوئے تو کچھ دیر کریز پر کھڑے رہنے کے بعد بوجھل قدموں سے پویلین واپس آئے۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس میچ کے بعد ٹیسٹ فارمیٹ کو خیر باد کہہ دیں گے۔انہوں نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے ۔بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے، پابندی اور اور خراب فارم کے سبب 38سالہ محمد حفیظ کا ٹیسٹ کیریئر مسائل کا شکار رہا اور حالیہ عرصے میں وہ ٹیم سے ڈراپ بھی ہوتے رہے۔ حفیظ گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے قومی ٹیم میں دوبارہ واپس آئے اور انہوں نے سنچری اسکور کر کے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا لیکن اس کے بعد سے انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا تھا اور آخری 7ٹیسٹ اننگز میں صرف 66رنز بناپائے۔نیوزی لینڈ کے خلاف جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اچھا اسکور کر کے ان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ کا یادگار انداز میں اختتام کرنے کا ایک موقع باقی ہے۔محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ میچوں کی 104 اننگز میں 10سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 3ہزار 644 رنز بنائے اور 53وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایشیا کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد بھی محمد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا تھا لیکن اہلیہ اور سینیئر کھلاڑیوں کے مشورے پر انہوں نے اپنافیصلہ واپس لے لیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں