شہباز شریف جیل منتقل‘ لیگی کارکنوں اور پولیس میں تصادم
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز سریف کو انتہائی سخت سیکورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب پراسیکیوٹر نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت کو مطمئن نہ کرنے کے باعث عدالت نے شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن کی سیکورٹی کے لیے مامور پولیس اہل کاروں کے ساتھ شدید ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے عدالت جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ لیگی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن بھی منگوا لی گئی تھی۔ کئی راستے کنٹینرز لگا کر بند کرنے اور قریبی دکانیں، ورکشاپس اور پیٹرول پمپ بند کرانے کی وجہ سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔ اس دوران مظاہرین نے شہباز شریف کی تصاویر والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ کارکنوں نے عدالت میں داخل ہونے کے لیے رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج شروع کردیا۔ اس دوران کئی کارکنوں کو حراست میں لینے کی اطلاعات بھی ہیں۔