Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کپتان ہاکی ورلڈ کپ سے باہر، نائب کپتان پر پابندی

بھوبنیشور:ہند میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پہلا میچ ہارنے اور دوسرا برابر کھیلنے کے بعد پاکستان ٹیم کی مشکلات میں مزیداضافہ ہو گیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان رضوان سینیئر انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ملائیشیا کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔مشکلات سے دوچار پاکستانی ہاکی ٹیم کا عالمی کپ میں سفر مزید دشوار ہو گیا ہے۔ ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران رضوان انجری کا شکار ہوئے اور بعد ازاں اسکین میں ان کے سیدھے پاوں کی انگلی میں فریکچر کا انکشاف ہوا۔ابھی ٹیم اس مشکل سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کے نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی ۔ عماد بٹ پر الزام ہے کہ وہ ملائیشیا کے خلاف میچ کے دوران حریف ٹیم کے کھلاڑی سے جان بوجھ کر ٹکرائے تھے تاہم پاکستان نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے ارسلان قادر کو ہند طلب کر لیا ہے اور انہیں جلد ویزا جاری کردیا جائے گا۔پاکستانی ٹیم اپنے گروپ میں آخری میچ 9 دسمبر کو ہالینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: