کانگریسی امیدوار گرفتار ، ایس پی کا تبادلہ
حیدرآباد۔۔۔تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر و کوڑنگل کے کانگریسی امیدوار ریونت ریڈی کو 2دن قبل رات دیر گئے ان کے گھرسے گرفتار کرنے کے معاملہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے مرکز ی الیکشن کمیشن نے وقار آباد کی ایس پی اناپورنا کے تبادلہ کے احکام جاری کئے ہیں۔ 2005کے آئی پی ایس بیچ سے تعلق رکھنے والے اویناش موہنتی کو اناپورنا کی جگہ ایس پی مقرر کیا گیا ہے اور بدھ کو ذمہ داری سنبھال لینے کی ان کو کمیشن نے ہدایت دی ہے۔اناپورنا سے انتخابات کی ذمہ داری لے لی گئی ہے۔اس خصوص میں کمیشن نے احکامات جاری کئے ہیں۔ریاست کے کارگزار وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤکے کوڑنگل میں جلسہ کے پیش نظرریونت ریڈی نے بند کی اپیل کی تھی جس پر پولیس نے ان کو رات دیر گئے ان کے گھر سے گرفتار کرلیا تھا ۔کانگریس نے اس بات کی شکایت مرکزی اور ریاستی الیکشن کمیشن سے کی تھی ۔اس شکایت پر الیکشن کمیشن نے یہ کارروائی کی اور اناپورنا کا تبادلہ کرنے کی ریاستی الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ۔