2020میں جی ٹوئنٹی کی میزبانی
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
سعودی عرب 2020 میں جی ٹوئنٹی کی میزبانی کریگا۔سعودی عرب جی ٹوئنٹی کی سہ ملکی کمیٹی کا ممبر بنادیا گیا ہے جس کا موجودہ سربراہ جاپان ہے۔ وہ 2019ءکے دوران گروپ کا قائد ہے۔ ارجنٹائن اسکا ممبر ہے۔ یہ گروپ کے سابق سربراہ ہونے کی بنیاد پر ممبر بنایا گیا ہے۔سعودی عرب 2020میں گروپ کا قائد ہوگا۔ اس تناظر میں اسے کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔
سعودی عرب جی 20کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ اس نے اسکی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ”جی 20سعودی جنرل سیکریٹریٹ“ کاقیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جنرل سیکریٹریٹ میں بین الاقوامی اقتصاد اور ترقی کے حوالے سے گروپ کے کارناموں کو فروغ دینے اور اسکی ترجیحات کو ترجیحی بنیادوں پر حاصل کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہوگیا ہے۔
سعودی عرب بین الاقوامی اقتصاد سے متعلق جی 20کے مشن کو موثر بنانے کےلئے فعال کردار ادا کرنے کا جذبہ رکھتا ہے۔ سعودی عرب جی ٹوئنٹی کےلئے روشن مستقبل کے نقوش مرتسم کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے۔ پائدار اقتصادی ترقی کے باب میں انجام پانے والے کارناموں، بے نظیر اقتصادی و سماجی تبدیلیوں اور تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کے تناظر میں سعودی عرب نے اطمینان دلایا ہے کہ وہ گروپ کے ارکان کے ساتھ مل جل کر موثر شکل میں کام کریگا۔ بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں اور ممالک کو اس میں حصہ لینے کی ترغیب دیگا ۔ دنیا بھر میں موجود معاشروں اور اقتصادی حالات پر اثر انداز تبدیلیوں سے رونما ہونے والے چیلنجوں سے موثر انداز میں نمٹے گا۔ اس تناظر میں 2020 کے دوران سعودی عرب کی قیادت میں بہت سارے اجلاس ہونگے اور علاقائی و بین الاقوامی سطحوں پر پائدار، مثبت اثرات کے حامل ہونگے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭