دورہ جنوبی افریقہ کیلئے پاکستان ٹیم میں محمد عامر کی واپسی
لاہور: انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لئے 16 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا ۔ فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم میں واپس آگئے ہیں جبکہ اضافی وکٹ کیپر محمد رضوان بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔انجری مسائل سے دوچار اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر محمد عباس کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔سلیکٹرز نے ایک مرتبہ پھرفاسٹ بولر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کیا ہے ۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انہیں فٹنس مسائل کے سبب ڈراپ کیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل محمد حفیظ، سعد علی، میر حمزہ اور بلال آصف باہر ہوگئے ہیں۔ محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ بقیہ تینوں کھلاڑی سلیکٹرز کا اعتماد نہ حاصل کر سکے ۔پاکستان ٹیم13دسمبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگی جہاں ایک پریکٹس میچ کے علاوہ 3 ٹیسٹ،5 ایک روزہ اور3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ سرفراز احمد تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی بدستور قیادت کریںگے جبکہ ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، بابراعظم، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، یاسر شاہ ، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر ،محمد عباس ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان بھی شامل ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر، دوسرا 3 جنوری2019ءاور تیسرا 11 جنوری سے شروع ہو گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردونیوزاسپورٹس"جوائن کریں