ریاض۔۔۔ سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ منبر و محراب دینی دعوت کیلئے ہیں، سیاست کےلئے نہیں۔وزارت کے عہدیدار ائمہ اور خطیب ، اسلام کی روا داری، میانہ روی کے پیغام کا زیادہ سے زیادہ پرچار کریں۔ مساجد پر توجہ دیں۔ امن و امان برقرار رکھیں اور شاندار خدمات فراہم کرنے کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہاکہ منبر و محراب کو نامناسب مقاصد اور سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ وزارت سلف صالحین کے طریقہ کار کی پابندی کرانے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔ تمام خطیبوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ وہ مختلف علاقوں میں وزارت کی شاخوں کے مدیران کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیر برائے امور مساجد ڈاکٹر توفیق السدیری، وزارت کے سیکریٹری ، مختلف بڑے ادارو ںکے مدیران اور مشیران موجود تھے۔ آل الشیخ نے کہا کہ انہیں جو عہدے ملے ہوئے ہیں وہ اعزاز کیلئے نہیں بلکہ ذمہ داری کیلئے ہیں۔ ہر ایک کو معیاری کام انجام دینا ہوگا اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مدیران سے کہا کہ وہ محلے والوں سے ملیں ، انکی باتیں سنیں اور مناسب اقدامات کریں۔آل شیخ نے کہا کہ سعودی حکومت دینی دعوت اور مساجد کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہے۔ اس مقصد کیلئے اپنے جملہ وسائل وقف کئے ہوئے ہے۔ اس حوالے سے سعودی حکومت نے کبھی کسی طرح کی کوئی کوتاہی نہیں برتی۔