کلفٹن کی بڑی دیواروں پر بلڈوزر چلا کر دکھائیں، گورنر سندھ
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کو اگر تجاوزات گرانے کا شوق ہے تو پہلے کلفٹن میں قائم بڑی دیواروں پر بلڈوزر چلا کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پلے بڑے سے شروع کریں پھر نیچے تک آئیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیرا عظم کے دورہ کراچی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کی آڑ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو غریبوں کے خلاف استعمال کیا گیا جس سے نچلے طبقے کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم چیف جسٹس سے آپریشن روکنے کی درخواست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی میں اگر ہمت ہے تو کسی طاقتور کے خلاف کارروائی کرکے دکھائیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت (سندھ) اور وفاق کے درمیان کوئی تنازع نہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنرسندھ کو نہ بلایا گیا تو اچھا پیغام نہیں جائے گا۔ گورنر سندھ کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ گورنر ہاﺅس کوسیاسی اکھاڑا بنانے کے بجائے باہر سیاست کرناچاہتے ہیں۔