کراچی: عالمی کتب میلہ 21 دسمبر سے شروع
کراچی: کتاب دوست افراد کا انتظار بالآخر ختم ہوا۔ شہر قائد میں بین الاقوامی کتب میلے کا آغاز 21 دسمبر کو ایکسپوسینٹر کراچی میں ہوگا۔ جس کا افتتاح سندھ کے وزیر تعلیم سردار علی شاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کتب میلہ 25 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد کا کہنا ہے کہ پروگرام کی تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ ایکسپوسینٹر میں سجنے والے میلے میں 330 اسٹال مختص کئے گئے ہیں جو ہال نمبر 1، 2 اور 3 میں موجود ہوں گے۔ میلے میں غیر ملکی پبلشرز کے علاوہ ملکی پبلشرز اور بک سیلرز کی بڑی تعداد موجود ہوگی جبکہ شرکت نہ کرنے والے پبلشرز کی کتب بھی میلے میں دستیاب ہونگی۔ علاوہ ازیں کتب میلے کے دوران کئی نئی کتابوں کی تقریب رونمائی کے پروگرام بھی ہونگے۔