Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ کا مواخذہ ہو سکتا ہے، امریکی رکنِ کانگریس

واشنگٹن ۔۔۔امریکہ کے ایک اہم رکن کانگریس جیرالڈ نیڈلر نے کہا کہ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی سماعت کے لیے کوشش کر سکتے ہیں۔نیویارک سے منتخب رکن کانگریس جیرالڈ نیڈلر نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو چالباز لوگوں کے حصار میں رکھا ہوا تھا ۔وہ 2016ء کا صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے وسیع تر معنوں میں ملکی عوام کے خلاف سازش کا حصہ تھے۔ اراکین کانگریس کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خلاف الزامات کتنے اہم ہیں تاہم وہ صرف گمبھیر نوعیت کے الزامات پر ہی صدر کا مواخذہ چاہیں گے۔واضح رہے کہ فیڈرل پراسیکیوٹر نے ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ رابطے اور ان کی ہدایت پر 2016ء کے انتخابات سے کچھ ہی عرصہ پہلے2 لاکھ 80 ہزار ڈالر رقم ایسی 2خواتین کو ادا کرنے کا حصہ ہیں جنہوں نے صدر ٹرمپ پر تعلقات کا الزام عائد کر رکھا تھا ۔یہ رقم ان کو الیکشن کے دن تک خاموش رکھنے کے لیے ادا کی گئی تھی۔ اگر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے تو یہ یقینا قابل مواخذہ بات ہو گی جو انکو صدرکے عہدے سے ہٹانے کا سبب بن  سکتی ہے۔
 

شیئر: