Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”نسل نو کو اسلامی تعلیمات سکھائیں“

بزم طلبائے قدیم ومحبانِ جامعہ نظامیہ جدہ کے جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مفتی خلیل احمد کا خطاب
جدہ (امین انصاری ) مسلمان اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات پر زندگی بسرکرکے دین اور دنیا کی بھلائیاں حاصل کرسکتا ہے ۔ حضور اکرم کی ذاتِ اقدس ساری کائنات کیلئے رحمت ہے ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت قرب الہیٰ کی ضامن ہے ۔ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے بزمِ طُلبائے قدیم ومحبانِ جامعہ نظامیہ جدہ کی جانب سے منعقدہ جلسئہ سیرت النبی و جلسہءاستقبالِ مفکرِ اسلام مفتی خلیل سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا نے کہا کہ اگر ہم اپنی دنیا اور آخرت کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں تو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا ۔ہم اپنی روزمرہ کی زندگی شریعت کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں اور اپنے بچوں کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور اسلامی تعلیمات سے آشنا کرائیں ۔ مولانا نے کہا کہ مسجد نبوی میں حاضری ہو تو آداب کو ملحوظ رکھیں کیونکہ ا للہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں (تم اپنی آواز کو اپنے نبی کی آواز پر بلند مت کرو )کے ذریعہ ہمیں آداب سکھائے ہیں۔ مولانا حافظ محمد عبدالسلام نقشبندی سرپرست بزم اور مولانا حافظ محمد نظام الدین غوری صدرِ بزم نے جلسہ کی نگرانی کی ۔ سید عما د الدین احمد قادری معظم پاشاہ اور مولانا حافظ سید شاہ خلیل اللہ بشیر اویس بخاری نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی خطاب کیا۔ عثمان بن یسلم بن محفوظ ، مولانا غلام سبحانی ، محمد یوسف الدین امجد، سید محمد عبدالرب حامد قادری ، محمد یونس ، محمد امین الدین انصاری نے بحیثیت مہمانانِ اعزازی شرکت کی ۔ حافظ وقاری مرزا عبداللہ بیگ کی قرات ‘ حافظ محمد سلیم قادری اور سید محمد خالد حسین مدنی کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ جلسہ کے منتظمین میں مرزا عبدالرحمن بیگ معتمد نشرو اشاعت ، محمد عقیل صابری، محمد عبدالعلی شعیب ‘ محمدعبدالغفار مبین صابری‘ محمد عمر مسعود صابری ‘ سید صابر حسین صابری ‘ محمد مختار سعد صابری وغیرہ نے بھرپور حصہ لیا ۔ مولانا حافظ محمد نظام الدین غوری صدر بزم کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔

شیئر: