Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے کھلاڑی پی ایس ایل سے نہیں انڈر۔19سے آئے، باسط علی

لاہور: سابق بیٹسمین اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے پاکستانی ٹیم کو کوئی بڑا اسٹار یا نئے کھلاڑی نہیں ملے ۔  انہوں نے کہاکہ عام طور پر نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کا کریڈٹ پاکستان سپر لیگ کو دیا جاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حالیہ عرصے میں نمایاں ہو کر قومی ٹیم میں شامل ہو نے والے اکثر کھلاڑی انڈر 19کرکٹ کے ذریعے سامنے آئے۔ ان میں سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان ٹیم میں اپنی جگہ بناچکے۔ روحیل نذیر، سعد خان، حسن محسن،نسیم شاہ اور موسیٰ خان سمیت کئی ہونہار کرکٹرز انتظار میں ہیں کہ سلیکٹرز ان پر بھی توجہ دیں۔ باسط علی نے کہا کہ میڈیا ہو یا سابق کرکٹرز کوئی اس حوالے سے انڈر 19کرکٹ کو کریڈٹ نہیں دیتا۔ تمام توجہ کا مرکزسینئر ٹیم اور پی ایس ایل ہے جس سے با صلاحیت کھلاڑی اپنا حقیقی مقام حاصل نہیں کر سکتے ۔ جونیئر چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے تشویش کی بات یہ بھی ہے کہ جونیئر سطح پر اچھے بیٹسمین سامنے نہیں آ رہے، کھلاڑی انڈر 13 اور16 کی سطح پر تو اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں بعدازاں ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہتا۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ امام الحق، مصباح الحق اور معین خان کے بیٹے جونیئر سطح پر کھیل رہے ہیں ا ن سینیئر کرکٹرزنے سلیکشن معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی۔ ایک سوال پر باسط علی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کبھی کوئی بات نہیں کی۔ہمیشہ کہاکہ وہ بددیانت نہیں ہیں، عمران بروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے اور شکست سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوتے تھے۔ میرا موقف ہے کہ جاوید میانداد، مدثرنذر اور مشتاق احمد کرکٹ کو ان سے زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے سوال پر باسط علی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ طے شدہ ہے اور اس پر کسی بحث کی ضرورت نہیں ، سرفراز اپنا کام بہتر انداز میں کررہے ہیں جبکہ شکست کے بعد تنقید ہماری روایت ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: