سعودی عرب نے جنین پر اسرائیلی حملے کی مذمت کردی
جمعرات 23 جنوری 2025 9:34
’عالمی برادری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے ذمے داری پوری کرے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت خارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین پر قابض اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ایک بار پھر عالمی برادری سے اپنا مطالبہ دہرایا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے۔
سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ ان خلاف ورزیوں کے جاری رہنے سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں لڑائی اور انارکی دوبارہ واپس آ سکتی ہے۔
علاوہ ازیں اس سے بے قصور شہریوں کی سلامتی خطرے میں آ جائے گی اور خطے میں امن کے مواقع برباد ہو جائیں گے۔