Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب سیاحت کے حوالے سے جلد 7 اہم ممالک میں شامل ہو گا‘

سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کے لیے 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت سیاحت کے حوالے سے 7 اہم ممالک میں شامل ہو جائے گا۔ مملکت آنے والے سیاحوں کی تعداد 30 ملین تک پہنچ چکی ہے جبکہ ہمارا ہدف 70 ملین ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم میں ’مستقبل میں سفر کے راستے‘ کے عنوان سے  مذاکراتی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ’سیاحتی شعبے میں مقامی شراکت داری کو 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد تک کردی گئی ہے۔‘
’سال 2030 تک ہمارا پیدواری ہدف 10 فیصد تک کرنا ہے جس کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں۔‘
انہوں نے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو مملکت آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ’ یہاں کی فطری خوبصورتی کو ایکسپلور اورمتنوع ثقافت و گہری تاریخ کا مشاہدہ کریں۔‘
وزیر سیاحت نے مملکت میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی  شرکا کو آگاہ کیا جن میں کنگ سلمان ایئرپورٹ، ریاض ایئر کا قیام اور دیگر متعدد ترقیاتی منصوبے شامل تھے جو مملکت میں سیاحتی سیکٹر کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔
مملکت میں فروغ سیاحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ’ نئی نسل نے سیاحت اور سفر کے طریقوں کو یکثر تبدیل کردیا ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے مملکت کی جانب سے بھی عصرِ حاضر کے تقاضوں کے تحت سیاحتی ویزے کے حصول کو انتہائی آسان بنا دیا ہے محض 5 منٹ میں ویزا جاری کیا جاتا ہے۔‘
فورم میں لگائے گئے سعودی پویلین میں ہونے والے مذاکراتی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر سیاحت کا کہنا تھا ’مملکت کے ویژن 2030 کے تحت سیاحتی مقامات کو ترقی دینے اور نئے مقامات تعمیر کرنے کے لیے 500 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔‘

 

شیئر: