فلسطینی نیوز ایجنسی پر اسرائیلی فوج کا دھاوا
رام اللہ... مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے رام اللہ شہر میں فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے صدر دفتر پر دھاوا بول دیا۔ وفا نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے دفتر پر دھاوا بول کر ملازمین پر شیلنگ کی اور کیمرہ مینوں کو کام کرنے سے روک دیا۔ اسرائیلی فوج نے دفتر میں موجود ملازمین کی شناخت کی اور تمام عملے کو نیوز روم میں یرغمال بنا لیا۔ سیکیورٹی کیمرے بھی ضبط کر لئے۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے چھاپے کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینی نوجوانوں پر آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں برسائیں ۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے رام اللہ شہر میں سرچ آپریشن کیا۔ رام اللہ کے علاقے الارسال میں اسرائیلی فوج کی جانب سے براہ راست فائرنگ سے 2 اور ربڑ کی گولیاں لگنے سے 4 فلسطینی زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ الارسال کا علاقہ رام اللہ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے صدر دفتر کے بہت قریب واقع ہے۔