تارکین فیس کاکیا ہوگا ، بلومبرگ کی تحقیق کیا کہتی ہے؟
ریاض ۔۔۔ امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ نے مختلف ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع جاری کی ہے کہ سعودی عرب کے متعلقہ محکمے نجی اداروں کے غیر ملکی ملازمین پر مقرر فیس کی پالیسی پر نظر ثانی کررہے ہیں۔ بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 4باخبر ذرائع کی اطلاع پر رپورٹ تیار کی ہے۔ ان میں سے ایک کا کہناہے کہ فیس کی مکمل منسوخی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزارتی کمیٹی تارکین فیس کے ڈھانچے پر نظرثانی یا ترمیم کا جائزہ لے رہی ہے۔ توقع یہ ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران اس سے متعلق کوئی فیصلہ کرلیا جائیگا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تارکین فیس پر نظر ثانی کا مقصد ریاست کی مالیاتی ضرورتوں اور نجی اداروں کے یہاں روزگار اور شرح نمو کی استعداد کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے۔ابھی تک کسی بھی ادارے نے تارکین کے مرافقین کی فیس کی بابت کچھ نہیں کہا۔سعودی بین الاقوامی رابطہ مرکز نے ای میل کے ذریعے بلومبرگ کو بتایا کہ وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عواد العواد نے کہا ہے کہ غیر ملکی کارکنان پر فیس پر کوئی نظرثانی نہیں ہورہی۔