رئیل میڈرڈ اور جوونٹس کو اپ سیٹ شکست
میڈرڈ:یورپ کے چیمپیئن کلبز کے درمیان کھیلے جانے والے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے آخری گروپ میچوں میں دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ اور کرسٹیانو رونالڈو کے نئے کلب جوونٹس کو اپ سیٹ ناکامیوں سے دوچار ہونا پڑا ۔ دونوں کو اپنے اپنے گروپ میں سب سے نچلے درجے کی ٹیموں نے ہرایا تاہم اس ناکامی کے باوجود یہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ناک آوٹ راونڈ کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ اطالوی کلب جوونٹس کو سوئٹزر لینڈ کے کلب ینگ بوائز نے1-2سے شکست دی اور رونالڈو بھی اپنی ٹیم کو ناکامی سے نہیں بچا سکے ۔جوونٹس اپنے گروپ میں سر فہرست ہے لیکن سب سے نیچے موجود ٹیم کے ہاتھوں ناکامی نے اسے خفت سے دوچار کردیا اور کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ جوونٹس یہ میچ ہار جائے گی۔ینگ بوائز کی جانب سے گولیوم ہوارو نےدونوں گول کئے ۔ پہلے ہاف میں انہوں نے پنالٹی کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی اور پھر دوسرے ہاف میں اسے دگنا کردیا ۔جوونٹس کا واحد گول میچ ختم ہونے سے10منٹ پہلے پاvلو ڈیبالا نے اسکور کیا ۔ڈیبالا نے اختتامی منٹوں کے دوران میچ برابر کردیا تھا تاہم انہیں آف سائڈ قرار دے دیا گیا جس کی وجہ اطالوی کلب شکست سے نہ بچ سکا ۔رونالڈو کو کئی مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے ۔ ادھر رونالڈو کے سابق کلب اور لیگ کے دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کو روسی کلب سی ایس کے ماسکو نے غیر متوقع طور پر0-3سے روند ڈالا ۔ رئیل میڈرڈ بھی اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر رہتے ہوئے کوالیفائی کر چکی ہے لیکن اس کا گروپ کی سب سے کمزور ٹیم سے یوں ہار جانا کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا جبکہ ہوم گراونڈ پر یہ ناکامی اس کے لئے مزید ہزیمت کا سبب بنی ۔روسی کلب نے ایک گول پہلے ہاف اور 2دوسرے ہاف میں اسکور کئے جبکہ رئیل میڈرڈ کے فارورڈ ز اس کی دفاعی لائن کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں