احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد رقم وصول کرنے کا حکم
لاہور...سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سے تنخواہ سے زائد وصول کی گئی رقم واپس لینے اور عدم ادائیگی کی صورت میں جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا ۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کون سے سرخاب کے پر لگ گئے تھے جو تنخواہ ایک لاکھ سے14 لاکھ کردی گئی؟ کسے سیاسی فائدے د ئیے جو آپ کو نوازا گیا؟ اگر اتنے ہی منظورِ نظر تھے تو وزیراعلیٰ اپنی جیب سے آپ کو نوازتا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں خصوصی بنچ نے ایل ڈی اے سٹی سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔سابق ڈائریکٹر ایل ڈی اے احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔چیف جسٹس نے احد چیمہ استفسار کیا کہ ساری بربادی کا ذ مہ دار کون ہے؟جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ پہلے اورنج لائن ٹرین کا بیڑہ غرق کیا۔ اب ایل ڈی اے سٹی کا۔چیف جسٹس نے احد چیمہ سے مکالمہ کیا کہ پیراگون سے کیا تعلق تھا جو ایل ڈی اے سٹی کا معاہدہ کیا۔ آپ حکومت کے منظو ر نظر تھے۔ ایل ڈی اے سٹی کا سارا کیس ہی بدنیتی کاہے۔ آپ بھکی پاور پلانٹ میں تنخواہ وصول کرتے رہے۔احد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ بھکی پاور پلانٹ میں 14 لاکھ روپے تنخواہ مقرر کی گئی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا بہت مشکل ہے۔یہ لوگ شاطر طریقے سے کام ڈالتے ہیں ۔ثبوت نہیں چھوڑتے،لکھ کہ دیتا ہوں کہ یہ سب لوگ ایک دن چھوٹ جائیں گے۔