پرتھ ٹیسٹ: ویرات کوہلی کی ریکارڈ سنچری ، آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط
پرتھ: ویرات کوہلی کی ریکارڈ ساز سنچری کے باوجود ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے میں ناکام رہی اور 326کے جواب میں 283 رنز بنا کر پوری ٹیم آوٹ ہو گئی۔ کوہلی نے ڈٹ کر کینگروز بولرز کا مقابلہ کیا اور سنچری اسکور کی۔ وہ 123 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ناتھن لیون نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا کر مجموعی طور پر 175 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ عثمان خواجہ 41 اور کپتان ٹم پین 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد شامی نے 2 وکٹیں لیں۔ پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے دن ہندوستانی ٹیم نے 172 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو کوہلی 82 اور اجنکیا راہانے 51 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پہلے ہی اوور میں لیون نے راہانے کو آوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی ۔ ہانوما وہاری 20 رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند کا نشانہ بنے۔ 251 کے اسکور پر ہندوستان کی چھٹی وکٹ گری جب کوہلی 123 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد آسٹریلوی بولرز نے حریف بلے بازوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہرنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 283 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ریشبھ پنت 36، محمد شامی صفر، ایشانت شرما اور جسپریت بمرا ایک، ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ ناتھن لیون نے 5، مچل اسٹارک اور جوش ہیزلووڈ نے 2، 2 اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ لی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں