Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے اعزاز میں تقریب

 نمائندہ اردو نیوز۔دبئی
 
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قصیر نے کہا ہے کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کا اسپیکر ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ سب کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھا جائے۔وہ پاکستان قونصلیٹ دبئی میں اپنے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا متحدہ عرب امارات کا غیر سرکاری دورہ ہے جبکہ جنوری میں دوبارہ سرکاری دورے پر آؤں گا۔ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔انہوں نے سفیر پاکستان معظم احمد خان کو متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر مبنی تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کا کہا جسے وہ خود وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مزید بہتر تعلقات چاہتی ہے جس کیلئے مسلسل اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کی ضرورت ہے جس میں بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی بہتر کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر حاضرین نے اسپیکر اسد قیصر سے سوالات کئے جن کو انہوں نے بڑی خوش اسلوبی سے سنا اور ان کے جوابات دیئے۔ پاکستان قونصلیٹ دبئی میں کمیونٹی کی مشکلات پر بہت سے سوالات کئے گئے جن کا جواب دیتے ہوئے سفیر پاکستان معظم احمد خان نے کہا کہ ہم کمیونٹی کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن جگہ کی تنگی کی وجہ سے ہم مجبور ہیں۔ جب یہ بلڈنگ تعمیر کی گئی تھی اس وقت ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی یہاں موجود تھے۔ آج تقریبا 20لاکھ پاکستانی یہاں مقیم ہیں ۔ بہت جلد نئی بلڈنگ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا ۔متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کا استحصال روکنے کیلئے ان کی کم از کم ماہانہ اجرت 800درہم پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ایمنسٹی اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے معظم احمد خان نے کہا کہ امارات کی طرف سے فراہم کردہ اس سہولت سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے فائدہ اٹھایا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں پاکستانیوں کو فری ٹکٹ مہیا کئے گئے ۔ امارات میں موجود پاکستانی اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے بھی حکومت پاکستان سے امداد درکار ہے تاکہ یہاں پر مقیم پاکستانی بچوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔تقریب میں سفیر پاکستان معظم احمد خان ‘قونصل جنرل سید جاوید حسن ‘ہیڈ آف چانسلری احمد شامی ‘کمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر ‘ویلفیئر قونصلر صولت ثاقب پریس قونصلر عاشق حسین اور دیگر اسٹا ف کے علاوہ امارات میں مقیم معروف پاکستانی سماجی و کاروباری اور سیاسی شخصیات عرفان افسر اعوان ‘اقبال داود ‘ڈاکٹر فیصل اکرام ‘احمد شیخانی ‘سہیل اشرف ‘اسکندر سلطان خواجہ ‘خان زمان سرور ‘امجد اقبال امجد ‘حاجی میر حسن ‘راجہ سرفراز ‘چوہدری خالد حسین ‘کامران ریاض ‘احمد امین رنگون والا ‘شفیق الرحمن اور دیگر نے شرکت کی۔ 
 

شیئر: