سانحہ ماڈل ٹاؤن: ازسر نو تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کا تحریری حکم
لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی از سر نو تحقیقات کے لیے نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے سے متعلق سپریم کورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارنر بینچ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے واضح اور غیر مبہم طور پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، لہٰذا پنجاب حکومت کے واضح موقف پر درخواست نمٹائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ 5 دسمبر کو چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی زیر سربراہی سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق خاتون کی بیٹی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ جس میں عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکم دیا تھا کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی بنائے اور نئے نتائج کو سامنے لاکر ٹرائل کا حصہ بنایا جائے۔