میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات مکمل‘ ٹیم اسلام آباد روانہ
کراچی: میگا منی لانڈرنگ سے متعلق تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد کراچی سے اسلام آباد روانہ ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے ارکان درجنوں ڈبوں میں دستاویزی شواہد اور رپورٹس لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ قبل ازیں ایف آئی اے نے جولائی میں اومنی اور زرداری گروپ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔ اس دوران 29 بے نامی کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 35 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کے شواہد ملے تھے جبکہ کمپنی کے مالکان اومنی گروپ میں نچلے درجے کے ملازمین اور کمپنیوں کے وجود سے لاعلم تھے۔
6 رکنی جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ احسان صادق کررہے تھے جب کہ دیگر اراکین میں کمشنر انکم ٹیکس عمران لطیف منہاس، جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ماجد حسین، ڈائریکٹرنیب نعمان اسلم اور ایس ای سی پی کے ڈائریکٹر محمد افضل اور آئی ایس آئی میں تعینات بریگیڈیئرشاہد پرویز شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے وسائل اور زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پاناما طرزپرجے آئی ٹی بنانے کی درخواست کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے 6 ستمبرکو جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی تھی۔