جدہ۔۔۔ کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد بن عبدالعزیز نے ٹریفک پولیس کو فراہم کی جانے والی جدید ترین گاڑی کا معائینہ کیا ۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر کرنل سلیمان الزکری کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے ۔ ٹریفک پولیس کو ملنے والی جدید ترین کمپیوٹرائز سسٹم سے مزین گاڑی کے بارے میں کرنل الزکری نے کمشنر جدہ کو تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ جدید کمپیوٹرائز گاڑی کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار طریقے سے چالان کیا جائے گا ۔اس موقع پر کمشنرشہزادہ مشعل بن ماجد نے کہا کہ ٹریفک قوانین لوگوں کی سلامتی اور حفاظت کےلئے مرتب کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کا فرض ہے ۔ واضح رہے ٹریفک پولیس کو جدید کمپیوٹرائز گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ حادثات پر قابو پایا جاسکے ۔ اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے متعدد قوانین مرتب کئے جاچکے ہیں جن میں ساھر کیمروں اور اہم شاہراہوں پر تیز رفتاری پر خود کارچالان سسٹم کی تنصیب شامل ہے ۔