ریاض۔۔۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 3 غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان میں 2 کا تعلق عرب ملک سے جبکہ تیسرا افریقی باشندہ ہے ۔ الریاض اخبار کے مطابق مقامی تھانے میں ایک خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ نامعلو م افراد کی جانب سے اسے دھمکی آمیز فون موصول ہو تے ہیں جن میں کہا جاتا ہے کہ انکے پاس اسکی تصاویر ہیں جنہیں وہ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیں گے ۔ خاتون نے پولیس کو تمام تفصیلات فراہم کردیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے خفیہ پولیس کے یونٹ نے ملزمان کو مختلف مقامات سے گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے تمام ثبوت برآمد ہوئے ۔ ملزمان جو ریاض کے جنوبی علاقے میں مقیم تھے نے اپنے گھر میں شراب کشید کرنے کی بھٹی بھی قائم کر رکھی تھی ۔ پولیس نے انکے خلاف مقدمہ دائر کر کے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا جہاں ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔