فیصل رضا عابدی کی ایک اور کیس میں ضمانت
اسلام آباد...انسداد سائبر کرائم عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی تیسرے مقدمے میں بھی ضمانت منظور کرلی۔انسداد سائبر کرائم عدالت نے فیصل رضا عابدی کے خلاف چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف ویب ٹی وی پر اشتعال انگیز انٹر ویو سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ فیصل رضا عابدی بھی عدالت میں موجود تھے ۔عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی 2مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی ۔ انسداد سائبر کرائم عدالت نے ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔اس سے قبل اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے فیصل رضا عابدی کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران سابق سینیٹر پر فردِ جرم عائد کی تھی۔فیصل رضا عابدی کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی ۔ انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔