چوہدری نثار کا حکومت اور اپوزیشن کو مشورہ
اسلام آباد...سابق وزیرداخلہ چو ہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میدان جنگ کا نقشہ پیش کررہی ہے۔موجودہ صورتحال پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور مستقبل کیلئے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت اپوزیشن کو سانس لینے کیلئے موقع دے جبکہ اپوزیشن کو حکومت کو کارکردگی دکھانے کیلئے وقت دینا چاہیے۔ نام نہاد احتساب کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔امریکہ طالبان مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت ہے۔ پاکستان کو مذاکرات پر بلاجواز کریڈٹ لینے سے گریز کرنا چاہیے۔ معاملے پر پیشرفت نہ ہونے سے یہ صورتحال پاکستان کے گلے پڑ سکتی ہے۔ پاکستان نے تمام فریقین کو ایک میز پر لانے کیلئے پہلی مرتبہ کردار ادا نہیں کیا۔ ڈھائی سال قبل مری مذاکرات اس سلسلے کی کڑی تھے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت منتیں ترلے کرنے کے باوجود ہند کو مذاکرات کی میز پر نہیں لاسکی۔پاکستان سے دوستی مودی کے ضمیر میں شامل نہیں۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دینا درست اور مثبت قدم تھا۔ عمران خان کی طرف سے ہندکیساتھ یکطرفہ تعلقات کی بحالی کیلئے کوششیں پاکستان اور عوام کی عزت نفس سے متضاد ہیں۔