دمام۔۔۔ فوڈ ٹرک پر خواتین کی تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزم سے تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد کیس فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا ۔ سبق نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک شخص نے دمام ریجن میں فوڈ ٹر ک پر فاسٹ فوڈ فروخت کرنےوالی خواتین کی تصاویر اور وڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی تھی ۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے قانون نافذ کرنےوالے ادارے سے مطالبہ کیا تھا کہ تصاویر اور وڈیو بنانے والے کو گرفتار کر کے سائبر کرائم کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ اس حوالے سے پہلے بھی خبر شائع کی جاچکی ہے ۔ پولیس نے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے وہ موبائل بھی برآمد کر لیا گیا جس کے ذریعے عکس بندی کی گئی تھی ۔ متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ وہ مقدمہ کی مکمل کارروائی کا انتظار کر رہی ہیں اور کیس واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ۔