ظہران۔۔۔ مملکت کی تاریخ میں پہلی بار 2 سعودی خواتین نے فائر فائٹنگ کی تربیت مکمل کر لی ۔سعودی پیٹرولیم کمپنی آرامکو کی جانب سے 2 سعودی خواتین کو آگ بجھانے کی مکمل تربیت فراہم کرکے انہیں فائر فائٹنگ یونٹ میں ملازمت دی گئی ہے ۔ عکاظ اخبار کے مطابق جازیہ الدوسری کا کہنا ہے کہ اسے فخر ہے کہ اس نے اپنے والد کے پیشے کا انتخاب کر کے اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دیا ۔ الدوسری نے مزید کہا کہ مجھے بچپن سے ہی شوق تھا کہ میں اپنے عظیم والد کی طرح آگ بجھانے کے پیشے کو اپناﺅں جو آج حقیقت کا روپ دھار چکا ہے اور میں پہلی سعودی خاتون ہونگی جو اس پیشے سے منسلک ہوئی ۔ دوسری جانب فائر فائٹنگ پروگرام کے ڈائریکٹر غسان ابوالفرج نے کمپنی کے جریدے the arabian sun کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مملکت کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ 2 خواتین کو آگ بجھانے کی باقاعدہ تربیت فراہم کی گئی اور وہ پیشہ ورانہ طور پر اس شعبے سے منسلک ہوئی ہیں ۔ دوسری خاتون فائرفائٹر عبیر الجبر کا کہنا تھا کہ مجھے اس پر فخر ہے کہ میں نے انتہائی اہم پیشہ اختیار کیا ہے او ر اس بات کی بھی خوشی ہے کہ کمپنی کی جانب سے عملی تربیت فراہم کرنے کےلئے کسی قسم کا امتیازی رویہ نہیں رکھا جاتا ۔